برطانوی شہزادہ چارلس کے سرکاری محکموں کو لکھے 27 نجی خطوط شائع کر دیئے گئے

لند ن(آن لائن) طویل قانونی جنگ کے بعد برطانوی شہزادہ چارلس کے نجی خطوط شائع کر دیئے گئے ہیں جو انھوں نے لیبر پارٹی کے وزیروں کو بھیجے تھے۔شہزادے کے دفتر کا کہنا ہے کہ ان خطوط کی اشاعت سے ان کی اپنے خدشات ظاہر کرنے کی صلاحیت متاثر ہو گی۔ ان خطوط کی اشاعت کیلئے برطانوی اخبار گارڈیئن نے ایک عشرے تک مہم چلائی۔ سات سرکاری محکموں کو بھیجے جانے والے 27 خطوں میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں سپر مارکیٹوں کی بالادستی، جڑی بوٹیوں پر مشتمل ادویات اور سوروں کو ہلاک کرنے جیسے مسائل شامل ہیں۔ یہ خطوط ستمبر 2004 اور اپریل 2005 کے درمیان تحریر کیے گئے تھے۔