کارکنوں کا ماورائے عدالت قتل گندا کھیل ہے، ارباب اختیار تحقیقات کرائیں: الطاف

لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے متحدہ کے ارکان سینٹ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا گندا کھیل پھر شروع کردیا گیا ہے۔ ارباب اختیار تحقیقات کرائیں کہ یہ گندا کھیل کون کھیل رہا ہے۔ ماورائے عدالت قتل کرنے والے ملکی سالمیت اور استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا نہ ملنا ظلم کے مترادف ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا قول ہے کہ کفر کی حکومت چل سکتی ہے ظلم کی نہیں۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کے کارکنوں کا قتل عام کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔قبل ازیں بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پر امن یوم سوگ کی اپیل پر سندھ کے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور عوام نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ عوام نے ایم کیو ایم کا ساتھ دیکر ظلم کیخلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا دیا ہے۔ دریں اثناءرابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی کے شہریوں نے یوم سوگ کو کامیاب بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے جب کہ جرائم پیشہ عناصر کی سیاسی و سرکاری سرپرستی کی جا رہی ہے، کارکنوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل جلد تیار کیا جائے گا۔