بجلی چوری روکنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائینگے: چودھری عبدالغفور

مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ سے) وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ توانائی پنجاب چودھری عبدالغفور نے کہا ہے کہ ہم نے بجلی کے فوری قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کو بروئے کار لانے کے لئے کام شروع کیا ہوا ہے۔ جن میں ونڈ انرجی ہائیڈل پاور بائیو گیس، نیوکلیر پاور اور کاربن نانو ٹیوب شامل ہیں۔ چین اور ترکی کے ساتھ توانائی کے لئے ان ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ اور مختلف شعبوں کے ساتھ فیزیبلٹی بنائی جا رہی ہے۔ پنجاب اورسیز پاکستانی بینک کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ پنجاب کے اورسیز پاکستانی سالانہ 10ارب ڈالر رقم ارسال کرتے ہیں اور ان کی ترسیل اور بچتوں کو ساتھ ملا کر ان کو صنعتی منصوبوں اور توانائی کے لئے استعمال کریں گے۔ بینک اور وزارت توانائی مل کر اورسیز کوارڈینیٹر بنائیں گے جبکہ موجودہ بجلی کے ضیاع کو روکنے اور لائن لاسز کی مد میں ہونے والے نقصان کو اور بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائیں گے۔ بجلی کو صارف کو بھی PREPAID بجلی کارڈ اور بجلی کے میٹر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ توانائی میں جدید ”ریسرچ اور ڈویلپمنٹ“ ونگ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ مزید براں انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ صنعتی اور تجارتی عمل کو رواں رکھنے کے لئے L.E.D لائٹ کا استعمال کریں اور انرجی سیور بلب کو فروغ دیا جائے۔