امید کی آخری کرن تک لاپتہ طیا رے کی تلاش جاری رکھیں گے: چینی وزیراعظم بحر ہند میں گرنے کے اشارے ملے ہیں: پینٹاگون

بیجنگ+ واشنگٹن (اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) چین نے کہاہے کہ لاپتہ طیارے کی تلاش جاری رکھیں گے جمعرات کو سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیراعظم لی کی چنانگ نے کہا کہ جب تک امید کی ذرا سی بھی کرن باقی ہے لاپتہ طیارے کی تلاش جاری رکھی جائے گی۔ پینٹاگون حکام نے کہا ہے کہ ملائشین ائر لائن کا طیارہ بحرہند میں گرنے، حادثے کی جگہ تک پہننے میں مزید24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ طیارے میں سوار افراد کے خاندان اور دوست انتہائی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طیارے کی تلاش چھٹے روز میں داخل ہوچکی ہے تاہم ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سیٹلائٹ سے حاصل تصاویر سے نشاندہی والے مقام کی طرف ویت نام نے طیارے کی تلاش میں2 ہوائی جہاز بھیجے ہیں۔ تاہم کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔ ویتنام کے حکام نے کہا کہ انہیں تصاویر کے مقام کی معلومات جمعرات کو دی گئیں جس کے بعد دو طیارے بھیجے گئے۔ خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امدادی ٹیموں کو اس علاقے میں ایسی کوئی چیز نہیں ملی جو لاپتہ طیارے کے ملبے سے مشابہ ہو۔  چینی سٹیلائیٹ سے حاصل تصاویر میں سمندر میں اس مقام پر3 اشیا تیرتی پائی گئی تھیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے تھا کہ یہ لاپتہ طیارے کا ملبہ ہوسکتا ہے۔تاہم چینی حکام نے اس کی تصدیق سے انکار کردیا۔