امریکی اپ گریڈیشن پیکج‘ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے مزید 10 تا 15 سال استعمال ہو جائیں گے

امریکی اپ گریڈیشن پیکج‘ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے مزید 10 تا 15 سال استعمال ہو جائیں گے

 واشنگٹن (آئی این پی) امریکی کانگریس میں 10 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری کیلئے بل پیش کر دیا گیا۔ اس اپ گریڈیشن کے بعد پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے مزید 10 تا 15 سال قابل استعمال بن جائینگے۔ امریکی جریدے واشنگٹن بزنس جرنل کے مطابق پاکستان کو سی ون تھرٹی طیارے اپ گریڈ کرانے کی ضرورت ہے، یہ طیارے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن سے اپ گریڈ کرائے جائیں گے جس کے لئے پینٹاگون نے دس کروڑ ڈالر کا ٹھیکہ دینے کا منصوبہ بنایا ہے، پاک فضائیہ کے پاس 16 سی ون تھرٹی طیارے ہیں جو مختلف عسکری امور کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔ امریکی دفاعی ادارے نے کانگریس کو پاکستانی فضائیہ کے سی130 طیارے اپ گریڈ کرنے کے دس کروڑ ڈالر کے ممکنہ فارن ملٹری سیلز سے آگاہ کردیا ہے۔ اس معاہدے میں فضائی الیکٹرانکس آلات کی اپ گریڈیشن، انجن کے انتظام، میکانی اپ گریڈیشن، سامان کی ترسیل کے نظام کی تنصیب اور چھ طیاروں کے بیرونی بازو سیٹ، سپیئر اور مرمتی پارٹس، معاون آلات، مطبوعات اور تکنیکی دستاویزات، عملے کی تربیت اور تربیت کا سازوسامان بھی شامل ہے۔ سی130 طیارے انسداد عسکریت پسندی اور انسداد دہشت گردی کی پروازوں، امدادی آپریشن، فوجوں کی نقل و حمل، انٹیلی جنس، نگرانی اور ابتدائی معائنہ مشن کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔