یورپی یونین کے 28 میں سے 25 ممالک نے پہلی بار آپس میں مستقل بنیادوں پر دفاعی شعبے میں تعاون کا فیصلہ
برسلز (آن لائن) یورپی یونین کے 28 میں سے 25 ممالک نے پہلی بار آپس میں مستقل بنیادوں پر دفاعی شعبے میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں یورپی یونین میں شامل 25 ممالک کے وزرائے خارجہ دفاعی معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں تاہم اس دفاعی یونین میں برطانیہ، ڈنمارک اور مالٹا شامل نہیں ہیں۔ اس معاہدے کو ’پیسکو‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس اتحاد میں یورپی یونین کا ہر رکن شامل ہوسکتا ہے۔ معاہدے کے تحت رکن ممالک 17 مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے جس میں ایک میڈیکل کور کا قیام بھی شامل ہے۔ ماہرین کی جانب سے یونین کی رکن ریاستوں کے وزرائے خارجہ کے اس فیصلے کو یورپی دفاعی یونین کے قیام کا نام دیا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس تعاون سے یہ ریاستیں باہمی دفاعی تعاون کو اس حد تک مضبوط بنا سکیں گی کہ ان کی مشترکہ عسکری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور اس کے ساتھ ہی اسے امریکہ اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر کم سے کم انحصار کرنا پڑے گا۔
یورپی یونین/ فیصلہ