حزب اسلامی نے جھڑپ میں 8امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا

کابل(اے ایف پی+آن لائن) حزب اسلامی نے جھڑپ میں 8امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، بم دھماکے میں 5 افغان فوجی مارے گئے۔ اتحادی فوج نے جھڑپوں میں 29 طالبان شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حزب اسلامی کے ترجمان کے مطابق صوبہ کنڑ کے علاقہ سانگار میں امریکی فوجیوں اور حزب اسلامی کے طالبان کے درمیان جھڑپ ہوئی امریکی فوجیوں نے حزب اسلامی کے طالبان پر حملہ کیا، تاہم طالبان محفوظ رہے مجاہدین کی جوابی کارروائی میں 8 امریکی فوجی مارے گئے جبکہ دو ٹینکوں کو تباہ کردیا گیا۔ صوبہ کنڑ کے ضلع واتاپور میں نیٹو افواج نے ایک گائوں پر بمباری کی جس سے دو بچوں سمیت 6 شہری جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔ صوبہ ہرات میں ایک مسافر گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرانے سے 4شہری ہلاک ہوئے۔ خوست میں دو سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے۔ امریکی اور افغان افواج کے دو الگ الگ آپریشنوں میں 6 طالبان شہید ہوگئے۔ ارزگان میں طالبان نے افغان فوج پر حملہ کیا جوابی کارروائی میں 13 طالبان شہید ہوگئے۔زابل میں افغان فوجی کی فائرنگ سے دو طالبان شہید ہوگئے۔ قندوز میں طالبان کے حملے میں ایک افغان فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ صوبہ واردک میں امریکی اور افغان فوج کے مشترکہ آپریشن میں 8 طالبان شہید ہوگئے۔