ٹرمپ آج ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنیکا اعلان کر سکتے ہیں: امریکی میڈیا
واشنگٹن/لندن(صباح نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج جمعہ کو ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں،ٹرمپ کے ممکنہ اقدام پر دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے امریکی صدر کو فون کرکے غور کرنے کا مشورہ دے دیا ، یورپی یونین نے بھی معاہدے کو بچانے کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں،ترجمان وائٹ ہاﺅس سارہ سینڈرز کے اس بیان پر کہ ایران جوہری معاہدے پر صدر ٹرمپ حتمی فیصلہ کر چکے ہیں، میڈیا کا کہنا ہے کہ وہ آج اس بات کا اعلان کریں گے۔ سارہ کا کہنا ہے امریکی صدر ایران سے نمٹنے کیلئے وسیع پالیسی چاہتے ہیں۔ جبکہ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے اپنے امریکی ہم منصب ریکس ٹلرسن سے رابطہ کیا ہے، یورپی یونین نے بھی معاہدے کو بچانے کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔دوسری جانب امریکی کانگریس کے ارکان الیوٹ اینگل اور ایڈ روئس کا کہنا ہے امریکا کو ایران جوہری معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے، ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کا معاہدہ 2015 میں طے پایا تھا۔