یہودیوں کیخلاف تعصب کا الزام :امریکہ اسر ائیل یونیسکو کی رکنیت سے دستبردار

واشنگٹن+ نیویارک ( آن لائن+ اے ایف پی ) امریکا اور اسرائیل نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) پر یہودیوںکیخلاف تعصب برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنظیم کی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ امریکا کا کہنا ہے کہ یونیسکو اسرائیل کے معاملے پر جانبداری کا مظاہرہ کررہا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ جلد ایک مبصر مشن تشکیل دیا جائے گا جو یونیسکو میں امریکا کی نمائندگی کرے گا۔ہیتھر نوریٹ نے کہا کہ امریکا نے یونیسکو کی سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل ایرینا بوکووا کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد لیا ہے۔ یونیسکو میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے جب کہ اسرائیل کے خلاف متعصبانہ رویہ بھی ختم کرنا ہوگا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوئٹرس نے کہا امریکہ کیساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے دستبرداری کے امریکی فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔ یہ بات ان کے ترجمان فرحان حق نے کہی۔