مصر کی ثالثی میں مذاکرات کامیاب‘ حماس‘ الفتح میں تاریخی معاہدہ‘ 10 برس بعد صلح ہو گئی: حامیوں کا جشن

مصر کی ثالثی میں مذاکرات کامیاب‘ حماس‘ الفتح میں تاریخی معاہدہ‘ 10 برس بعد صلح ہو گئی: حامیوں کا جشن

قاہرہ (آئی این پی ) مصر میں مذاکرات کے بعد حماس اور الفتح میں 10 سال بعد صلح ہو گئی ۔ جمعرات کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی گروپ حماس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے حریف گروپ الفتح سے معاہدہ کر لیا ہے جس کے بعد ایک دہائی سے جاری تنازع ختم ہو جائے گا۔حماس کا کہنا ہے کہ معاہدے کی تفصیلات جلدجاری کی جائیں گی تاہم الفتح نے اس پر کوئی بیان نہیں دیا۔مصر نے دونوں گروپوں کے درمیان قاہرہ میں مصالحتی مذاکرات کرانے میں کردار ادا کیا ہے۔سنہ 2007 میں فلسطینی گروپ حماس اور الفتح کے درمیان ہونے والی پر تشدد جھڑپوں کے بعد سے غزہ پر حماس اور مغربی کنارے پر الفتح کا کنٹرول قائم ہے۔حماس کے حمایت یافتہ معلوماتی سینٹر نے معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی تفصیلات قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس میں بتائی جائیں گی۔حماس اس کے عسکری دھڑے کو اسرائیل، امریکہ، یورپی اتحاد اور برطانیہ سمیت دیگر طاقتوں نے دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔