بعض ریاستیں سعودی عرب پر حملے کیلئے دہشت گرد گروپوں کی مدد کر رہی ہیں: وزیر داخلہ

الجزائر(آن لائن)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیرداخلہ شہزادہ محمد بن نائف بن عبدالعزیز نے بعض ریاستوں پر سعودی مملکت پر حملوں کے لیے بعض دہشت گرد گروپوں کی مدد و حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔الجزائر میں منعقدہ عرب وزرائے داخلہ کی کونسل کے بتیسویں سالانہ اجلاس کے موقع پر خطاب میں انھوں نے سعودی عرب کے خلاف دہشت گردی کو سپانسر کرنے والے ممالک کا نام نہیں لیا۔ العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد نے کہا کہ ''بعض ریاستوں اور حکومتوں کے ایسے گماشتہ دہشت گرد گروپ موجود ہیں جو اپنی توانائیوں کو سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو تہ وبالا کرنے کے لیے صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے عرب وزرائے داخلہ سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم عرب اقوام کی کامیابیوں اور ان کے خون کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ سعودی وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمارے ممالک اور دنیا کے ممالک میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ماضی میں کی گئی کوششیں کامیاب رہی ہیں اور ان کی بدولت ہی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک عرب حکمت عملی وضع کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سلامتی کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ان سے نمٹنے کے لیے دانش مندانہ حکمت عملی کی ضرورت ہے جس کے ذریعے گم کردہ راہ تنظیموں کے غلط دعووں اور نعروں کی نفی کی جائے اور عرب نوجوانوں کو بھی ان کے فریب میں آنے اور ان کے ہتھے چڑھنے سے بچایا جاسکے۔