الیکشن میں حصہ لینے والے توبہ کرکے جدوجہد آزادی کا ساتھ دیں: علی گیلانی

الیکشن میں حصہ لینے والے توبہ کرکے جدوجہد آزادی کا ساتھ دیں: علی گیلانی

سرینگر (آئی این پی)کل جماعتی حریت کانفرنس(گیلانی) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ ووٹنگ میں حصہ لینے والے لوگ توبہ کریں اور ان ہزاروں افراد کی قربانیوں کو یاد کریں جنہوں نے جدوجہدآزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کر دیں‘ کشمیری قوم متحد ہو کر جدوجہد آزادی کو آگے لیکر بڑھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ایک خاص مقصد کیلئے قربانیاں پیش کی ہیں اوراسمبلی انتخابات یا ایسا دوسرا عمل اس مقصد کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہزاروں لوگوں کی قربانیاں اسمبلی انتخابات کیلئے نہیں تھیں بلکہ ان کے پیچھے حق خود ارادیت کے حصول کا ایک عظیم مقصد کارفرما ہے لہٰذا ان لوگوں کو جنہوں نے انتخابات میں حصہ لینا چاہئے کہ وہ اپنی غلطیوں سے توبہ کریں اور آگے اس جدوجہد میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ ممبئی حملوں کے پس منظر میں پاکستانی وزیر اعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کے حالیہ بیان کی سراہتے ہوئے سید علی شاہ گیلا نی نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا بیان حوصلہ افزاء ہے کیونکہ پوری دنیا اسرائیل کا فلسطینیوں پر ظلم دیکھ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے جبکہ پاکستان کیخلاف شب و روز کارروائی کرنے کی باتیں کہی جا رہی ہیں۔ ریاستی سرکار کے دعوئوں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ انتخابات سے پہلے حکومت سنبھالنے کی صورت میں تمام قیدیوں کو رہا کرنے کے وعدے کئے گئے تھے تاہم اب رہائی تو دور پہلے سے ہی رہا شدہ افراد کی دوبارہ گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔ کے پی آئی کے مطابق تحریک حریت جموں و کشمیر نے اپنے اجلاس میں الیکشن کو غلامی کی زنجیروں کو مزید مضبوط بنانے کا حربہ قرار دیتے ہوئے تحریک حریت جموں و کشمیر نے 26 جنوری کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال اور 5 فروری کو یوم یکجہتی اور یوم عہد کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔ اجلاس میں تہاڑ جیل میں محبوس محمد افضل گورو کی امکانی سزائے موت پر بھارتی حکومت کو خبردار کیا گیا کہ وہ افضل گورو کی قیمتی جان کا بارِ گناہ اپنے سر لینے سے باز رہے۔