پاکستانی افواج انتہائی پیشہ ور ہیں‘ سابق بھارتی ائر چیف ایس تیاگی کا اعتراف

واشنگٹن(اے این این)بھارتی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل (ر) شاشندرہ پال تیاگی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی پیشہ ور ہیں ، ہم انہیں جانتے ہیں کیونکہ ہم نے ان سے جنگیں لڑی ہیں ، پاکستانی افواج نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے تحفظ کیلئے ہر زاویے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ واشنگٹن میں ایک مذاکرے کے دوران انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کی کمی کی وجہ سے لشکر طیبہ جیسے گروپوں کے خلاف قریبی تعاون نہیں کیاجا رہا۔ اس موقع پر دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود نے کہا کہ پاکستان نے ایٹم بم کے حصول کیلئے گھاس تک کھانا گوارہ کیا‘ اس لئے ہتھیار عسکریت پسندوں کے حوالے نہیں کرے گا۔ کسی بھی صورت میں ایٹمی ہتھیار یا مواد عسکریت پسندوں کے ہاتھ لگنے کا امکان نہیں۔ سابق بھارتی سیکرٹری خارجہ شنکر باجپائی نے کہا کہ ممبئی میں حالیہ حملوں نے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچایا ہے تاہم ان مذاکرات میں اب تک ہونے والی پیشرفت کو ضائع نہیں کیا جانا چاہئے۔ سابق پاکستانی وزیر خارجہ شہریار خان نے بھی اس سے اتفاق کیا۔ آرمز کنٹرول کے سابق امریکی مذاکرات کار رچرڈ برٹ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے ایٹمی ذخائر میں کمی سے پہلے آپس کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔