وہائٹ ہائوس اور قانون ساز آٹو انڈسٹری کو قلیل مدتی امدادی پیکیج دینے کی راہ تلاش کریں: اوباما

واشنگٹن (اے ایف پی) نومنتخب امریکی صدر باراک اوباما نے وہائٹ ہاؤس اور لا میکرز سے کہا ہے کہ آٹو میکرز کو قلیل مدتی امدادی پیکج دینے کیلئے راستہ تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ آٹو میکرز کی مکمل شکستگی سے قبل ایسا کرنا ضروری ہے جبکہ انڈسٹری کی اوورہالنگ کیلئے طویل مدتی پلان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ انتظامیہ اور کانگریس انڈسٹری کی ری سٹرکچرنگ کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی یقینا ضرورت ہے تاہم امداد کیلئے بھی کوئی راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اوبامہ نے ان خیالات کا اظہار سینٹ میں صدر جارج ڈبلیو بش کے ری پبلیکن اتحادی ارکان کی طرف سے آٹومیکرز کیلئے 14 ارب ڈالر کے ری سٹرکچرنگ پلان کو نامنظور کرنے کے بعد کیا ہے۔ اوبامہ نے کہا کہ سینٹ کے قلیل مدتی امداد کیلئے کسی معاہدے پر نہ پہنچنے سے انہیں دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ہمدردیاں ان سب کے ساتھ ہیں جو دہائیوں سے بدنظمی کی شکار اس انڈسٹری سے بدظن ہو گئے ہیں۔ اب وہ بری پریکٹس برداشت نہیں کی جا سکتی نہ ہی جاری رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انڈسٹری سے لاکھوں امریکیوں کے روزگار وابستہ ہیں۔