اقتصادی بحران جلد ختم ہو گا‘ یورپی یونین کی امداد سے مسائل کم ہوں گے: شوکت ترین

اسلام آباد (آن لائن) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی بحران جلد دم توڑ جائیگا، اقتصادی بہتری کیلئے نو نکاتی ایجنڈا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ یورپین یونین کے ممبر ممالک کی جانب سے پاکستان کی بھرپور امداد سے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ جمعہ کے روز یورپین یونین کے پاکستان میں متعین سفراء کو اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کے نو نکاتی ایجنڈے اوراصلاحات پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے کہ نونکاتی ایجنڈے پر مکمل عملدرآمد کے ساتھ ملک میں میکرو اکنامک استحکام ، غریبوں کے لئے سماجی تحفظ کی فراہمی ، صنعتوں میں مقابلے کی فضاکے حصول ، زرعی ترقیاتی پالیسی ، انسانی وسائل کی ترقی ، توانائی منصوبہ بندی ، کیپیٹل مارکیٹ اصلاحات ، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے نجی و سرکاری شعبے کے مابین بہترین اشتراک عمل اور انتظامی اصلاحات و بہتر نظم و نسق کے ذریعے عام آدمی کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔اِس موقع پر یورپین یونین کے سفراء کے سوالات کے جوابات دیے اور سفراء نے حکومت پاکستان کی جانب سے نو نکاتی ایجنڈے اور سماجی و اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی اور کہا کہ یورپین یونین کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی۔