جوہری معاہدے کو ختم کرنا ہمیشہ امریکی صدر کا مقصد رہا ہے : ایران

تہران(اے پی پی) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے کو ختم کرنا ہمیشہ امریکی صدر کا مقصد رہا ہے اور وہ تنہائی سے بچنے کے لئے ایران کو قصور وار ٹھہرانا چاہتے ہیں۔
ارنا نیوز کے مطابق محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایران جوہری معاہدے کی روح کے مطابق عمل درآمد کے حوالے سے امریکی رویہ بدنیتی پر مبنی ہے۔ دریں اثناءایران کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمشن نے خطے میں امریکہ کے مہم جویانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کے مقابلے کے بل کو حتمی شکل دے دی۔ارنا نیوز کے مطابق نو ابواب اور ستائیس شقوں پر مشتمل اس بل میں، کلیات، تعریفیں، سٹرٹیجی کا تعین، دہشت گردی کے لیے امریکی حمایت، امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، امریکہ کے خلاف جوابی اقدامات، امریکہ کی اقتصادی پابندیوں کے مقابلے اور ایرانی شہریوں کی حمایت جیسے موضوعات شامل ہیں۔یہ بل آج اتوارکو ایران کی پارلیمنٹ میں بحث اور رائے شماری کے لیے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے، امریکی کانگریس کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کے جواب میں یہ بل تیار کیا ہے۔
ایران/امریکہ