بھارت میں ہاتھی کی موت پر امریکی ڈاکٹر بھی سوگ میں شامل

لندن (بی بی سی اردو) امریکہ میں جانوروں کے حقوق سے متعلق ایک کارکن بھارت میں 73 سالہ ہاتھی کی موت کا سوگ منانے والوں میں شامل ہوگئی ہیں۔ اس طویل قامت ہاتھی کی رواں ہفتے موت ہوگئی تھی اور بھارت میں جانوروں کے چاہنے والے اس کی موت کا سوگ منا رہے ہیں۔ جوئے راج نامی اس ہاتھی کا قد 3.35 میٹر تھا اور وہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے قاضی رنگا نیشنل پارک میں رہتا اور کام کرتا تھا۔ پارک انتظامیہ نے کہا دوسرے ہاتھیوں نے بھی جوئے راج کی موت کا سوگ منایا۔ امریکہ میں مقیم ایلک رائسٹرر نے بتایا اس بڑے بھورے جسم میں ایک عظیم روح تھی۔ مجھے اس سے بہت لگاؤ تھا اور میں اسکی موت کا سوگ منا رہی ہوں۔ قاضی رنگا پارک آسام کے دارالحکومت گوہاٹی سے 220 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔