’’پاکستان جمہوریت کے نام پر مفاد پرستوں کے ہاتھوں میں چلا گیا‘‘ الطاف کا جاوید ہاشمی کا فون

’’پاکستان جمہوریت کے نام پر مفاد پرستوں کے ہاتھوں میں چلا گیا‘‘ الطاف کا جاوید ہاشمی کا فون

لندن (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گذشتہ روز سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کو ٹیلی فون کر کے ملک کی سیاسی صورتحال اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ الطاف حسین نے مخدوم جاوید ہاشمی سے کہا کہ ’’آپ قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ایم کیو ایم ہر وقت آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آپ کو میں ملک سے محبت کرنے والا سچا پاکستانی سمجھتا ہوں آپ کی پوری زندگی قربانیوں سے بھری ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ بعض عناصر جمہوریت کا نام مغربی ممالک کو خوش کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں ورنہ ان عناصر کا انداز سیاست ، رکھ رکھاؤ اور انداز گفتگو کسی آمر یا جابر سے کم نہیں ہے ۔ بدقسمتی سے پاکستان  جمہوریت کے نام پر ان مفاد پرستوں کے ہاتھوں میں چلاگیا ہے جو جمہوریت کے نام پر پاکستان پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتے ہیںاور دنیا کو یہ تاثردینا چاہتے ہیں کہ انہیں جمہوریت سے محبت ہے جبکہ انہیں جمہوریت کی ’’جیم‘‘ سے بھی واقفیت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی نے جمہوری جدوجہد کے دوران قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، قید تنہائی کاٹی، ٹارچرسیلوںکی اذیت کا سامنا کیا۔ جس پر میں اپنی اور اپنے تمام ساتھیوں کی جانب سے انہیں  زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں متعدد بار اپنے بیانات میں یہ اپیل کرچکا ہوں کہ اس وقت پورا ملک نازک صورتحال کا سامنا کررہا ہے ، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندان ایک ایک پاکستانی کی مدد کے طالب ہیں، سیلاب کی تباہ کاریوںکے باعث لوگ جاں بحق ہورہے ہیں، بھوک ، افلاس اور بیماریوں کا شکار ہیں ، متاثرین کی عمر بھر کی پونچی ضائع ہوگئی ہے اور وہ اپنے مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث سرچھپانے کی جگہ سے بھی محروم ہیں اس وقت ہرکسی کو تمام معاملات چھوڑ کر مجبور و بے کس سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ افراد کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضا ہے کہ اس وقت تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اپنے سیاسی مفادات ، اختلافات اور لڑائی جھگڑے کو روک دینا چاہیے جب تک کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ تھم نہ جائے کیونکہ سیاست کیلئے پوری زندگی پڑی ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ میں شکرگزار ہوں کہ آپ نے مجھے یاد رکھا۔ میں مڈل کلاس طبقہ سے تعلق رکھتا ہوں، میری اور آپ کی سوچ قطعی مختلف نہیں۔ سیلاب زدگان کیلئے جو درد آپ محسوس کررہے ہیں ، اللہ کرے کہ وہی درد پاکستان کے سیاستداں بھی محسوس کریں تو ملک کو درپیش مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔ دریں اثناء لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ اپنی زمینوں کو بچانے کے لئے عوام کو ہلاک کرنے کا سبب بننے والے جاگیردار اور وڈیرے عذاب الہٰی سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے پنجاب کے تمام ضلعی اور تحصیلوں کے ذمہ داروں اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں طبی اور امدادی کیمپ لگا کر بارش اور سیلاب متاثرین کی آگے بڑھ کر ہر ممکن خدمت کریں اور تعاون کریں۔