عراق: بمباری‘ داعش کی متعدد گاڑیاں اسلحہ ڈپو تباہ: جنگجوئوں نے 3 افراد کے سر قلم کر دیئے

عراق: بمباری‘ داعش کی متعدد گاڑیاں اسلحہ ڈپو تباہ: جنگجوئوں نے 3 افراد کے سر قلم کر دیئے

بغداد (اے پی پی+ اے ایف پی) امریکہ کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف  جنرل مارٹن ڈیمپسی نے عراقی دارالحکومت بغداد پہنچنے کے بعد اعلیٰ سیاسی و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی جنرل نے تکریت شہر پر قبضے کے لیے جاری عراقی فوجی آپریشن کے حوالے سے کہا کہ داعش کو یقینی طور پر شکست ہو گی۔ جنرل  ڈیمپسی کا یہ دورہ ایسے وقت پر ہوا جب عراق کے خود مختار علاقے کردستان کے پیش مرگا فائٹرز نے بھی داعش پر کرکوک شہر کے قریبی علاقوں میں اپنا دباؤ بڑھا دیا ہے۔ واضح رہے کہ بغداد پہنچنے سے قبل امریکی جنرل نے خلیج میں لنگر انداز فرانسیسی طیارہ بردار جنگی بحری بیڑے کا بھی دورہ کیا تھا۔ ادھر تکریت میں فورسز نے پیشقدمی کی ہے۔ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے کئی گڑایاں اور اسلحہ ڈپو تباہ کر دیا۔ ادھر داعش نے ہم جنس پرستی کے الزام میں شمالی عراق میں 3 افراد کے سر قلم کرنے کی تصاویر جاری کر دیں۔ مقام اور تاریخ کا کوئی ذکر نہیں ہے۔