افغانستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، جھڑپیں ، 86 طالبان اور 2 اہلکار ہلاک

کابل (آن لائن+ اے پی پی) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کلین اپ کے دوران 86 طالبان ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے جبکہ جھڑپوں کے دوران 2 فوجی اہلکار بھی مارے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ننگرہار‘ ہاروان‘ بغلان‘ تاخار‘ قندوز‘ بدخشاں‘ زابل و دیگر صوبوں میں آپریسن کلین اپ کیا جس کے نتیجے میں 74 طالبان ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے۔ فورسز نے اس دوران 11 طالبان کو گرفتار کرکے ان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صوبہ فرح کے ضلع بالا بلوک میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ اس جھڑپ میں 2 افغان فوجی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شیوان اور خواجہ خضر کے علاقوں میں جھڑپوں کے دوران 12 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں طالبان کے ایک ضلعی گورنر سمیت تین سینئر کمانڈر بھی شامل تھے۔