سعودی کابینہ نے 385 ارب ڈالر کے 9 ویں پنجسالہ ترقیاتی منصوبے کی منظوری دیدی

جدہ (اے پی پی) سعودی عرب کی کابینہ نے 385 ارب ڈالر مالیت کے 9 ویں پانچ سالہ ترقیاتی پلان کی منظوری دےدی، یہ شرح گذشتہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ سے 67 فیصد زائد ہے۔ سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کابینہ کا اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداﷲ بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں 9 ویں پانچ سالہ ترقیاتی پلان کی منظوری دےدی گئی۔ نئے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ کا مجموعی حجم 1.44 ٹریلین سعودی ریال ہے۔ خادم الحرمین الشریفین نے تمام حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی پلان میں شامل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام انتظامات یقینی بنائیں۔ خادم الحرمین الشریفین نے بتایا کہ نئے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ کے تحت حکومتی اخراجات کا 50.6 فیصد اب افرادی قوت کی ترقی پر صرف کیا جائے گا۔ اسی طرح سماجی ترقی اور صحت عامہ پر 19 فیصد اخراجات آئیں گے۔ اقتصادی ذرائع کی ترقی پر 15.7 فیصد جبکہ ٹرانسپورٹیشن اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ پر 7.7 فیصد اخراجات صرف کئے جائیں گے