سونیا گاندھی، مودی سمیت کئی سیاستدان خط غربت سے نیچے راشن کارڈ مہاراشٹر اسمبلی میں پیش

سونیا گاندھی، مودی سمیت کئی سیاستدان خط غربت سے نیچے راشن کارڈ مہاراشٹر اسمبلی میں پیش

لندن (بی بی سی) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بی جے پی کے رکن اسمبلی پاڈرنگ پھنڈکر نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی بڑے سیاسی رہنماؤں کے جعلی راشن کارڈ پیش کر کے سب کو چونکا دیا۔پھنڈکر نے جعلی راشن کارڈوں کے ذریعے سرکاری سہولیات کے غیرقانونی استعمال کا معاملہ ایوان میں اٹھایا تھا۔اسی سلسلے میں انہوں نے یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی اور وزیر اعظم نریندر مودی سمیت وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، وزیر گریش باپٹ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈران رادھاکرشن، وکھے پاٹل اور دھنن جے منڈے کے نام سے جاری ہونیوالے بوگس راشن کارڈ پیش کئے۔ یہ سارے راشن کارڈ زرد رنگ کے تھے جو غربت کی لکیر کے نیچے رہنے والے لوگوں کو جاری کئے جاتے ہیں۔ان راشن کارڈوں پر درج معلومات کے مطابق یہ سارے لوگ ودربھ کے بلڈھانا ضلع کی تحصیل کھام گاؤ کے باشندے ہیں اور انکی سالانہ آمدنی غربت کی لکیر کے نیچے دکھائی گئی ہے۔ پھنڈکر نے الزام لگایا کہ اس طرح بوگس راشن کارڈ بنا کر جہاں ایک طرف غریبوں کیلئے چلائی جانیوالی سرکاری سکیموں کا غلط استعمال ہو رہا ہے، وہیں دوسری طرف ان راشن کارڈوں کے ذریعے بوگس ووٹر تیار کرنے کا کاروبار بھی زور و شور سے چل رہا ہے۔ پھنڈکر کے ان دعوؤں کے بعد ریاستی حکومت کے وزیر گریش باپٹ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس عمل میں ملوث حکام کو فوری طور پر معطل کیا جائیگا۔