بھارت: جوہری بجلی گھروں کےخلاف مہم چلانےوالی تنظیم گرین پیس کی رجسٹریشن معطل

لندن (بی بی سی) بھارت کی حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم گرین پیس کی رجسٹریشن معطل کر دی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ گرین پیس نے غیر ممالک سے فنڈ حاصل کرنے کے لیے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔گرین پیس تنظیم ایک عرصے سے حکومت کے نشانے پر تھی۔ماحولیاتی تنظیم نے بھارت میں جوہری بجلی گھروں اور تھرمل بجلی گھروں کی تعمیر کے خلاف مہم چلا رکھی تھی۔حکومت کا کہنا ہے کہ گرین پیس بھارت کے قومی اقتصادی مفاد کے لیے خطرہ ہے۔گرین پیس حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی صلاح و مشورے کر رہی ہے۔بھارت کی سکیورٹی ایجنسیوں نے وزارتِ داخلہ سے درخواست کی تھی کہ گرین پیس کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے کیوکہ بقول ان کے یہ تنطیم بھارت کے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ماحولیاتی تنطیم کا رجسٹریشن ابھی چھے مہینے کے لیے معطل کیا گیا ہے اور تنظیم کو ایک نوٹس بھیجاگیا ہے جس میں اس سے پوچھا گیا ہے کہ کیوں نہ اس کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے۔گرین پیس اور کئی دیگر تنطیموں نے بھارت میں جوہری اور تھرمل بجلی گھروں اور سٹیل کے پلانٹوں کی تعمیر کے خلاف مقامی افراد کی مدد سے زبردست مہم چلا رکھی ہے۔