افغانستان: سائیکل سوار کا خودکش حملہ‘ جمہوریہ چیک کے 4 فوجی‘ 10 شہری‘ 2 اہلکارہلاک

افغانستان: سائیکل سوار کا خودکش حملہ‘ جمہوریہ چیک کے 4 فوجی‘ 10 شہری‘ 2 اہلکارہلاک

کابل (بی بی سی+ اے ایف پی) افغانستان کے شمال مشرقی صوبے پروان میں ایک خودکش بم حملے میں جمہوریہ چیک کے 4 فوجیوں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ بگرام ایئربیس کے نواحی علاقے میں کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس میں 10 شہری اور دو پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بھی تصدیق کر دی۔ طالبان نے دعویٰ کیا حملے میں امریکی سپیشل فورسز کے 15 اہلکار مارے گئے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق دو روز قبل بگرام فوجی اڈے پر راکٹ فائر کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے نیٹو اور افغان فورسز نے نزدیکی گاؤں قلندرخیل میں آپریشن کیا لوگوں سے پوچھ گچھ جاری تھی۔ اس دوران سائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ نیٹو حکام کے مطابق واقعے میں4 نیٹو فوجی اہلکار، 10افغان شہری اور 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ افغان طالبان نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ رواں برس نیٹو فورسز پر ہونے والا طالبان کا یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔