روہنگیا پر مظالم بند، میانمار فیکٹ فائنڈنگ مشن کو رسائی دے : پاکستان

ینگون، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں ) پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میانمار حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن کو رسائی اور رخائن ریاست صوبہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کیلئے یو این ایجنسیوں کو فوری اور محفوظ جانے کی اجازت دے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق جنیوا میں یو این ایچ آر سی کے 27 ویں خصوصی سیشن کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ فرخ عامل نے کہا ہے کہ جاری تشدد سے لاکھوں روہنگیا مسلمان خواتین بچے اور مرد پڑوسی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے۔ آئی این پی کے مطابق انٹرنیشنل کرائسس گروپ نے کہا کہ روہنگیا مہاجرین کے کیمپس سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔