مسلم لیگ ن اور اپنی طرف سے ٹرمپ کے فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہوں: نوازشریف

لندن (نوائے وقت نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ٹرمپ کا یہ بیان سابق امریکی صدور کی پالیسیوں کی بھی خلاف ورزی ہے اور یہ فیصلہ عالمی اقدار اور قانون کی حکمرانی کیلئے بڑا دھچکا ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ لاکھوں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کر دیا گیا تھا، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں نے اسرائیلی اقدام کی کئی بار مذمت کی، مقدس شہر کو اسرائیل کے حوالے کرنا فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، ترک صدر کے اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کے مطالبے کی تائید کرتا ہوں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین اس معاملے پر ہنگامی مشاورت شروع کریں۔