خطے میں مستقل قیام امن اور مسئلہ کشمیر کا حل عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے:میر واعظ عمر فاروق
سری نگ: حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ترکی کے بعد اب ایران سمیت او آئی سی میں شامل بیشتر ممالک کے علاوہ برطانیہ کے بعد اب امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نو منتخب نائب صدر مائک پنس کا تازہ بیان کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے غیر معمولی معاملہ ساز مہارت سے مسئلہ کشمیر کی جانب توجہ دیکر اس دیرینہ مسئلہ کے حل میں ثالثی کریں گے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے سراہا ۔ میرواعظ نے کہا کہ جنوب ایشیائی خطے میں مستقل قیام امن اور سیاسی استحکام کی خاطر دیرینہ مسئلہ کشمیر کا حل بین الاقوامی برادری کی سیاسی،اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی سیاست کے تناظر میںاور کشمیر میں حالیہ پر جوش مزاحمتی تحریک کے دور رس اثرات کے نتیجے میں حکومت ہند کیلئے اس مسئلہ کو یا تو اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ اس کا حل تلاش کرنا انتہائی ناگزیر بن گیا ہے جو نہ صرف برصغیر بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا۔میرواعظ نے کہا کہ جوہری اسلحہ سے لیس دونوں ہمسایہ ممالک بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور تلخی کو دور کرنے اور ممکنہ تباہ کن جنگ کو ٹالنے کیلئے بنیادی تنازع مسئلہ کشمیر کا ایسا حل بیحد ضروری ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہو اور دونوں ممالک کیلئے قابل قبول ہو۔میرواعظ نے ہندوستان کی قدیم اور تاریخی بابری مسجد کو آج سے سال قبل اس وقت کی حکومت کی ایما پر فرقہ پرست اور جنونی قوتوں کے ہاتھوں شہید کر دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود بھارت کی سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں کو اس حوالے سے نہ تو انصاف ملا ہے اور نہ ہی مسجد پاک کی از سر نو تعمیر ممکن ہو سکی ہے جو خود بھارت کی جمہوری اور سیکولر قوتوں کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے اور انکے جمہوری اور سیکولر دعوﺅں کی نفی ہو رہی ہے۔اس دوران حریت چیرمین کی ہدایت پر سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ نے آج منڈہال قاضی گنڈ جاکر سرکاری فورسز کے ہاتھوں ڈیوٹی پر متعین سرکاری ملازم اسد اللہ کمار جنہیں گزشتہ دنوںرات کے اندھیرے میں ہلاک کیا گیا ،کے گھر والوں اور لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردیوں کا اظہار کیا ۔ اس مرحلے پر میرواعظ نے بذریعہ فون مرحوم کے لواحقین اور پسماندگان کے ساتھ اس سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل ناحق کی شدید مذمت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔