نوازشریف کی امن تجاویز، بھارت کے منفی جواب سے مایوسی ہوئی: ملیحہ لودھی
نیویارک(اے این این) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی امن تجاویزپربھارت کے منفی جواب سے مایوسی ہوئی ہے، مودی سرکار کا ’’نوٹاک پاسچر‘‘ غیر حقیقت پسندانہ، خطے کے امن کیلئے نقصان دہ ہے، کشمیر پر اصولی موقف سے پیچھے ہٹیں گے مذاکرات کیلئے کوئی پیشگی شرط قبول کریں گے، امید ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان پاکستان میں بھارتی مداخلت کے سنگین معاملے کاجلدنوٹس لیں گے،افغانستان میں امن کیلئے اشرف غنی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل بحال کرنا پڑیگا۔ اس ضمن میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ایک انٹرویومیں ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نائب کو پاکستان طرف سے تین ڈوزیئر پیش کئے ہیں جن میں ملک کے اندر مداخلت اور دہشتگردوں کو معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے بھارت کے خلاف ثبوت موجود تھے۔ بھارت پاکستان کے اندر دہشتگردی میں ملوث ہے اور وہ دہشتگردوں کی مدد کررہا ہے ہمارے پاس اس کے شواہد موجود ہیں۔ ایک ڈوزیئر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ذریعے مداخلت کے حوالے سے ہے جبکہ دوسرا ڈوزئیربلوچستان میں بھارتی مداخلت اور تیسرا ڈوزیئر کراچی میں بھارتی مداخلت کے حوالے سے ہے۔ یہ تینوں ڈوزیئر ہم نے اقوام متحدہ کے حوالے کر دیئے ہیں ہمیں توقع ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھارتی مداخلت کا نوٹس لیں گے۔ پاکستان میں بھارتی مداخلت بہت سنگین مسئلہ ہے جو خطے میں کشیدگی کا باعث بن رہا ہے،بھارتی مداخلت اقوام متحدہ کے چارٹر کے خلاف ہے امید کرتے ہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو حمایت ملے گی۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔کشیدگی اور تناؤ کسی کے مفاد میں نہیں۔