پاکستان نے دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیں گے:بھارت
نئی دہلی (آئی این پی) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی سرزمین پر دراندازی یا دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے۔ میڈیا کے مطابق وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ کے دوران چاربھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اگر پاکستان نے بھارتی علاقے میں دراندازی یا دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائیگا۔ انہوںنے دہشت گردی اور دراندازی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت کی کوششو ںکا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پاک بھارت سرحد کے ساتھ رہنے والے عوام موجودہ حکومت کی طرف سے سرحد پار سے کسی بھی جارحیت کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں ۔اس بات سے لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں کہ مودی سرکار عوام کی سلامتی اور انھیں تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔