صبر سے کام لیں‘ پاکستان سے اچھی تجارت میں ابھی کچھ وقت لگے گا: بھارت

نئی دہلی (اے ایف پی) پاکستان کی جانب سے بھارت کو پسندیدہ ترین قرار دینے کے فیصلے پر ابہام کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان سے اچھی تجارت میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔ بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رنجن متھائی نے اس معاملے پر صبر و تحمل سے کام لینے کے لئے کہا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ہمیں ملنے والی اطلاع کے مطابق کابینہ نے بھارت سے تجارتی تعلقات معمول پر لانے کی منظوری دے دی‘ بھارت کو پسندیدہ ترین قرار دینا اس کا ہی حصہ ہے‘ اس پر عملدرآمد میں بھی ابھی کچھ وقت درکار ہے۔ ایک پاکستانی سینئر اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ بھارت کو پسندیدہ ترین قرار دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہم منصب مخدوم امین فہیم کی دعوت پر فروری میں اپنے وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے۔