پاکستان ممبئی حملے کے مجرم حوالے کرے داؤد ابراہیم کو لانے کے بیان پر قائم ہوں: مودی

نئی دہلی (این این آئی) بھارتی انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور امیدوار برائے وزیراعظم نریندر مودی نے ہرزہ سرائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دائود ابراہیم کو پاکستان سے لانے اور سزا دینے کے اپنے بیان پر قائم ہیں، پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث ہے، حملہ آوروں کو بھارت کے حوالے کرے۔ الیکشن کمشن میرے خلاف تعصبانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے، میرے خلاف ایف آئی آر کانگرس کی ایماء پر درج کی گئی میں کہتا ہوں میرے خلاف اور بھی ایف آئی آر درج کریں مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آسام میں مسلم کش حملوں میں بنگالی درندے ملوث ہیں، گزشتہ روز غیر ملکی خبررساں ادارے کو ایک انٹرویو میں انتہا پسند نریندر مودی نے کہاکہ ان کے خلاف جتنی مرضی ایف آئی آردرج کرلی جائیں انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں میں نے کبھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی تو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائدکرکے کیا ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمشن دھاندلی رکوانے میں ناکام ہوچکا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کے دعوے پر انگلیاں اٹھیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے کرائے کے دراندازوں کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے بنگالیوں کی حمایت کرنا گناہ ہے۔