کربلا میں 2 خودکش کار بم دھماکے‘ 41 زائرین جاں بحق‘ 154 زخمی

بغداد (اے پی پی+ اے ایف پی) عراق میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر زائرین کے اجتماع میں2 خودکش کار بم دھماکوں کے نتیجہ میں 41 زائرین جاں بحق اور 154 شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکہ کربلائے معلیٰ سے 3 کلو میٹر دور قطرت الاسلام میں عزاداروں کے ایک اجتماع میں ہوا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دھماکہ کے بعد کربلائے معلیٰ میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافہ کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق قطرت الاسلام میں زائرین چہلم کی اختتامی تقریب میں شریک تھے حملہ ہو گیا۔ اے ایف پی کے مطابق زائرین پر مارٹر گولے بھی فائر کئے گئے۔