مصر نے غزہ کیلئے امداد لیجانے والے اومانی وفد کو روک لیا، فلسطین کی مذمت

 غزہ (اے این این)فلسطینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سلطنت اومان کی جانب سے آنے والے ایک امدادی وفد کو مصری بارڈر فورسز نے صرف آدھے گھنٹے تک غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دی ہے ۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سلطنت اومان سے "جنرل چیئرٹی بورڈ" کی جانب سے امدادی سامان لے کر آنے والا ایک وفد 20 امدادی ٹرکوں کے ساتھ غزہ کی سرحد پر پہنچا جہاں وفد میں شامل رضاکاروں نے رفاہ کراسنگ پوائنٹ پر تعینات مصری حکام سے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں داخلے کی اجازت طلب کی تاہم پہلے تو مصری حکام ٹال مٹول کرتے رہے،اومانی  وفد نے انہیں بتایا کہ وہ قاہرہ سے کلیئرنس لے کر آئے ہیں اس لئے انہیں آگے جانے سے نہ روکا جائے۔ اس کے بعد مصری فوج نے انہیں آدھے گھنٹے کے لیے غزہ جانے کی اجازت دی۔فلسطینی وزارت داخلہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی حساس صورتحال کے باوجود مصری سکیورٹی فورسز کا رویہ نا مناسب ہے۔