داعش کے ہاتھوں مغوی برطانوی کا قتل، ملزموں کو کٹہرے میں لائیں گے: کیمرون، اوباما

نیویارک، لندن، دمشق(نمائندہ خصوصی+ اے پی اے+آن لائن+اے ایف پی) دولت اسلامیہ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں مغوی برطانوی شہری الن ہیننگ کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سالفرڈ سے تعلق رکھنے والی ٹیکسی ڈرائیور الن ہیننگ گزشتہ دسمبر میں شام میں امداد پہنچا رہے تھے کہ انہیں اغواء کرلیا گیا۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس ہلاکت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ان قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے وہ سب کچھ کرے گا جو یہ کرسکتا ہے۔امریکی صدرباراک اوباما نے اسلامک سٹیٹ کے ہاتھوں ایک اور یرغمالی کے سرقلم کرنے کے واقعے پر سخت رد عمل میں کہا ہے کہ اس جرم میں ملوث شدت پسندوں کو انصاف کے کٹہرے  میں لایا جائے گا۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں برطانوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکانہ اور بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔