میرے والد نے مشرقی پاکستان میں فوج کی مدد کی‘شرجیل میمن نے مجھ پر بھارتی شہری ہونے کا جھوٹا الزام لگایا: رہنما متحدہ محمد انور

میرے والد نے مشرقی پاکستان میں فوج کی مدد کی‘شرجیل میمن نے مجھ پر بھارتی شہری ہونے کا جھوٹا الزام لگایا:  رہنما متحدہ محمد انور

لندن (نوائے وقت رپورٹ)  رکن ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی محمدانور نے کہا ہے کہ  شرجیل  میمن نے مجھ پر بھارتی شہری ہونے کا جو گھٹیا اور جھوٹا الزام لگایا‘ اس سے مجھے شدید صدمہ پہنچا۔ میں نہ تو کبھی بھارتی شہری رہا ہوں اور نہ ہی اب ہوں۔ شرجیل میمن اپنا بیان واپس لیں۔ گزشتہ روز اپنے  ردعمل میں محمد انور نے کہا کہ میرے والد ین نے قیام پاکستان کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سابقہ مشرقی پاکستان  ہجرت کی۔ سقوط ڈھاکہ سے پہلے حالات خراب ہوئے تو میرے والد اور میرے خاندان نے کھل کر پاکستان اور پاکستانی فوج کا ساتھ دیا۔ سابقہ مشرقی پاکستان میں جب تمام کمپنیوں نے پاکستانی فوج کو فوڈ سپلائی بند کردی تھی تو میرے والد نے پاک فوج کو غذائی اجناس  فراہم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی۔ افواج پاکستان کی مدد و اعانت کے  جرم  میں نوقائم شدہ بنگلہ دیش کی حکومت نے میرے والد مفتی انصاری کو گرفتار کرکے ان پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا اور انہیں سزا دی۔ پاکستان اور افواج پاکستان کیلئے گراں قدر خدمات انجام دینے پر میرے والد کو 14 اگست  1967ء کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ خدمت سے بھی نوازا گیا تھا۔