دنیا کا خطرناک ترین ملک ہونے کے باوجود لوگ امریکہ رہنا چاہتے ہیں: گیلپ سروے

واشنگٹن (اے پی اے + آن لائن) سال 2013ء کے مکمل ہونے پر ون / گیلپ انٹرنیشنل کی جانب سے کئے گئے سروے میں امریکہ کو عالمی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد آج بھی امریکہ کو رہائش کیلئے پسند کرتی ہے۔سروے کے مطابق امریکہ کو اس حوالے سے 24 فیصد ووٹ ملے اور عالمی سلامتی کیلئے اولین خطرہ ظاہر کیا گیا، امریکہ کے بعد جس ملک سے زیادہ خطرہ محسوس کیا جاتا ہے وہ پاکستان ہے جسے آٹھ فیصد ووٹ ملے ہیں۔ چین کو عالمی سطح پر تیسرا بڑا خطرہ بتایا گیا ہے۔ چین کے حق میں 6 فیصد لوگوں کی رائے سامنے آئی ہے۔ افغانستان کو طالبان کا ملک ہونے کے باوجود کم خطرناک بتایا گیا ہے۔ سروے میں افغانستان کے حق میں 5 فیصد لوگوں کی رائے آئی ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ امریکہ اس عالمی رائے عامہ کے باوجود خود کو دنیا کیلئے سب سے بڑا خطرہ نہیں سمجھتا جبکہ امریکی شہری ایران کو دنیا کیلئے پہلا اور افغانستان کو دوسرا بڑا خطرہ قرار دیتے ہیں تاہم 14 فیصد امریکی عوام اپنے ملک کی فوجی بالادستی کے باعث مستقبل میں تباہی کے حوالے سے ایک اہم عامل سمجھتے ہیں۔ اس ناطے امریکی عوام اپنے ملک کو بھی خطرہ گردانتے ہیں۔ سروے میں رائے دینے والوں سے یہ بھی پوچھا گیا کہ اگر کسی ملک میں رہائش کرنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو تو کس ملک رہنا چاہیں گے؟ اس کے جواب اکثریت نے تمام تر خطرات کے باوجود امریکہ کے حق میں ووٹ دیا ہے۔