ممبئی: پاکستانی بینڈ کی پریس کانفرنس پر شیوسینا کے کارکنوں کا دھاوا پاکستانی فوجی سرحدوں پر ہمارے فوجیوں کا بینڈ بجاتے ہیں: شیوسینا

ممبئی: پاکستانی بینڈ کی پریس کانفرنس پر شیوسینا کے کارکنوں کا دھاوا پاکستانی فوجی سرحدوں پر ہمارے فوجیوں کا بینڈ بجاتے ہیں: شیوسینا

ممبئی (اے پی اے+ نوائے وقت نیوز) بھارتی شہر ممبئی میں موجود پاکستانی صوفی بینڈ پر دوران پریس کانفرنس شیوسینا نے دھاوا بول دیا اور نعرے لگائے کہ پاکستانی بینڈ بھارت سے واپس جائے۔ پاکستانی بینڈ پاک انڈیا مشترکہ بینڈ کا اعلان کرنیوالا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی بینڈ کے اراکین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے شیوسینا کے 15 انتہاپسند کارکنوں کو حراست میں بھی لے لیا جبکہ پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے ردعمل پر ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ شیوسینا کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کو ہراساں کرنے کا واقعہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ شیوسینا پہلے بھی ایسا منفی رویہ دکھا چکی ہے۔ اس طرح کے واقعات شیو سینا کی پالیسی میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا واقعہ کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ پاکستانی ہائی کمشن کے ترجمان نے نئی دہلی میں کہا کہ ہائی کمشن میکال حسن کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اس معاملے کو بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھایا ہے۔دوسری طرف ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے کہا ہے کہ پاکستانی فوجی سرحدوں پر ہمارے فوجیوں کا بینڈ بجاتے ہیں۔ پاکستانی بینڈ کو بھارت بلانے والے غدار ہیں۔ تنظیم کے ترجمان نے ممبئی میں کہا کہ پاکستانیوں کو ہم ممبئی میں کیسے بینڈ بجانے دیں۔ وہ یہاں سے چلے جائیں ہم انہیں یہاں پرفارم کرنے نہیں دینگے۔