ہنڈراس: قیدی گروپوں میں تصادم، 3 ہلاک، 3اہلکار زخمی، فوج طلب

ہنڈراس: قیدی گروپوں میں تصادم، 3 ہلاک، 3اہلکار زخمی، فوج طلب

تیگوسیگالپا (آن لائن) ہنڈراس کے دارالحکومت تیگوسیگالپا کے قریب واقع ملک کی مرکزی جیل میں قیدی گروپوں میں تصادم میں قیدیوں کے قتل کے بعد وہاں فوج بھیج دی گئی ہے۔حکام نے کہا ہے کہ اس بلوے میں تین سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ صدر پورفیرو لوبو نے کہا کہ فوج بھیجنے کا مقصد ’ہماری جیلوں کے نظام سے مجرموں کی عمل داری ختم کرنا ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ جیل میں بلوہ اس وقت پھوٹا جب قیدیوں کے مختلف گینگ آپس میں الجھ پڑے۔یہ جیل دارالحکومت تیگوسیگالپا کے شمال میں واقع ہے اور اس میں 3300 قیدی ہیں۔ جھڑپ کے بعد حکام کو جیل میں دستی بم اور آتشیں اسلحہ ملا۔اس کے چند گھنٹوں بعد حکومت نے فوج کے حکم دیا کہ وہ جیل کا انتظام سنبھال لے، یہ تشدد اس کے ایک دن بعد بھڑکا ہے جب ہنڈراس کی جیلوں کے بارے میں ایک نئی رپورٹ میں جیلوں کے نظام کو ’غیر انسانی، حریصانہ اور بدعنوان‘ بتایا گیا تھا۔ امریکہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کی اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جیلیں عملاً قیدیوں کے کنٹرول میں ہیں، جن میں سے اکثر کا تعلق ملک کے پرتشدد گینگز سے ہے، جو جیل کے اندر قواعد و ضوابط ترتیب دیتے ہیں اور دوسرے قیدیوں کو جسمانی سزائیں تک دیتے ہیں۔