پاکستان اور ایران خطے کی ترقی کیلئے ملکر کام کریں: صدر زرداری

تہران (اے پی اے+ نوائے وقت رپورٹ) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کو خطے کی ترقی کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات محمود احمدی نژاد سے ملاقات میں کہی۔ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے ایرانی قوم کو اس تاریخی موقع پر مبارک باد دی اورکہا کہ وہ صدر حسن روحانی کی زیر قیادت مضبوط اور خوشحال ایران دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مسلسل مستحکم ہونا باعث اطمینان ہے۔ پاکستان ایران دوستی اور تعلقات زندہ باد۔ انہوں نے ایران میں پرامن انتخابات اور نئے صدر کو اقتدار کی منتقلی پر مبارکباد دی جو ایران میں جمہوریت کی پختگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے پاکستان ایران تعلقات مستحکم بنانے کے سلسلہ میں محمود احمدی نژاد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان کے دور میں کئی بڑے منصوبوں پر دستخط ہوئے جو پاکستان ایران برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام دوطرفہ منصوبے جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے نومنتخب ایرانی صدر کی حلف برداری میں شرکت پر صدر آصف زرداری سے اظہار تشکر کیا اور توقع ظاہر کی کہ نئی قیادت پاکستان ایران تعلقات میں مزید استحکام کی رفتار جاری رکھے گی اور آنے والے ہر دن میں دو طرفہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔