مصر میں مغربی سفارتکاروں کی امن کی کوششیں

قاہرہ (بی بی سی) امریکہ اور یورپی یونین کے مندوبین مصر میں حکومتی حکام اور معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کا پرامن حل تلاش کرنا ہے۔ یہ مذاکرات ایسے وقت پر ہو رہے ہیں جب معزول صدر کے حامیوں کی جانب سے کیے جانے والے دو بڑے احتجاجی مظاہروں کو فوج کی جانب سے ختم کرنے کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ مصر میں تین جولائی کو فوج نے صدر مرسی کو اقتدار سے ہٹا دیا تھا اور اس کے بعد سے ملک میں جاری پرتشدد مظاہروں میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ چند ہی گھنٹوں کے وقفے کے ساتھ امریکی نائب وزیرِ خارجہ ولیئم برنز اور یورپی یونین کے سفارتکار برانارڈینو لیون نے اخوان المسلمین کے ارکان اور مصری وزیرِ خارجہ نابیل فہمی سے ملاقاتیں کیں۔