روس اورچین کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوگئیں

ماسکو (اے پی پی) روس اورچین کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوگئیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے صوبہ چلیابنسک میں مرکزی عسکری حلقے کے جنگی میدان چیبرا کولسک میں امن مشن 2013 نام کی جنگی مشقوں کے افتتاح کی رسمی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر رسمی طور پر جنگی میدان منتخب کیا گیا اور دونوں ملکوں کی افواج کا شاندار مارچ پاسٹ ہوا جس کے بعد مشق کے لیے فرائض کی تیاری اور انجام دہی کاکام شروع ہوا۔ ان مشقوں میں روس کی مسلح افواج اور چین کی عوامی فوج آزادی کے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ فوجی حصہ لے رہے ہیں۔ 250 کے قریب ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں، توپیں اور بیس جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی ان مشقوں میں استعمال کئے جائیں گے۔ جنوبی یورال میں ہونے والی یہ جنگی مشقیں 15 اگست تک جاری رہیں گی۔