بھارت: مغربی بنگال میں علیحدہ ریاست کیلئے مظاہروں میں شدت خود کو آگ لگانے والا نوجوان چل بسا

کولکتہ (اے ایف پی) بھارت کی ریاست بنگال میں ایک نئی ریاست کے قیام کیلئے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران خود کو آگ لگاکر احتجاج کرنے والا نوجوان ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مشرقی بھارت کی اس ریاست کے علاقے وارجیلنگ ہل پر ان دنوں گورکھا لینڈ نام کی نئی ریاست کی تشکیل کیلئے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ 24سالہ منگل سنگھ راجپوت نے 30جولائی کو خود کو آگ لگا لی تھی جو ہفتے کے روز سلیگوری ہسپتال میں چل بسا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے 30جولائی کو جنوب مشرق میں نئی ریاست تلنگانا کی تشکیل کی قرارداد پاس کئے جانے کے بعد گورکھالینڈ کے لئے بھی مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔