برطانوی پروفیسر کوٹوئٹر پر بم حملے کی دھمکی

لندن (بی بی سی اردو) برطانیہ میں کلاسیکی ادب کی پروفیسر اور ٹی وی پریزینٹر میری بیئرڈ کو ٹوئٹر پر بم حملے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ یہ واقعہ ٹوئٹر کے برطانیہ میں جنرل منیجر کی جانب سے ٹوئٹر پر غیر مہذبانہ رویے کا شکار ہونے والی خواتین سے معذرت کرنے کے بعد پیش آیا ہے۔ پروفیسر بیئرڈ، جنہیں اس سے پہلے بھی ٹوئٹر پر دھمکیاں موصول ہوتی رہی ہیں، نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے اس دھمکی آمیز پیغام کی پولیس کو رپورٹ کر دی ہے۔ اس ٹوئٹ میں اسی قسم کی زبان استعمال کی گئی ہے جو اس سے قبل موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات میں کی گئی تھی جن میں چند خواتین کو ریپ کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔