آسٹریلیا میں وزیرِ اعظم نے 7 ستمبر کو انتخابات کا اعلان کر دیا

کینبرا (بی بی سی) آسٹریلیا کے وزیرِاعظم کیون رڈ نے سات ستمبر کو انتخابات کروانے کی تاریخ دے دی ہے۔ چھ ہفتے قبل انھوں نے لیبر پارٹی کے اندرونی انتخابات میں سابق وزیرِاعظم جولیا گیلارڈ کو شکست دی تھی۔ یہ تاریخ انھوں نے گورنرجنرل سے ملاقات کے بعد دی۔ انتخابات کے اعلان سے قبل یہ رسمی کارروائی ہوتی ہے۔  کیون رڈ سنٹر لیفٹ پارٹی کے سربراہ ہیں اور انھیں قدامت پرست حزبِ اختلاف کے رہنما ٹونی ایبٹ سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ٹونی ایبٹ کو سبقت حاصل ہے۔ انتخابات کے اہم موضوعات میں معیشت، سیاسی پناہ گزین اور ماحولیاتی تبدیلی شامل ہوں گے۔