اڑیسہ میں بم دھماکہ‘ نکسل باڑیوں سے جھڑپ‘ 11 بھارتی فوجی ہلاک

نئی دہلی (ریڈیو نیوز + خبر ایجنسیاں) بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے علاقہ ملک کنگری میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے اور جھڑپ میں 11 بھارتی فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق بھارت نے نکسل باڑیوں کے خلاف ”گرین ہنٹ“ کے نام سے فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے جس کے ردعمل میں انہوں نے حملہ کیا ۔ بارودی سرنگ نکسل باڑیوں کی جانب سے بچھائی گئی تھی جس کے سبب یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں اڑا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ حکام کے مطابق متعدد فوجی زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔