’’بھارت پاکستانی پرچم کا احترام کرے‘‘ شیخ عبداللہ کے بیٹے مصطفیٰ کمال کا مشورہ

سری نگر (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے بھارت نواز رہنما شیخ عبداللہ کے بیٹے فاروق عبداللہ کے بھائی اور سابق وزیر عمر عبداللہ کے چچا مصطفیٰ کمال نے وادی میں پاکستانی پرچم لہرائے جانے کی حمایت کرکے اعتراض کرنے والی بھارتی حکومت کو مشورہ دیدیا کہ وہ ہمسایہ ملک پاکستانی سبز ہلالی پرچم کا احترام کرے۔ مصطفیٰ کمال جو عمر عبداللہ کی سربراہی والی سابقہ حکمران بھارتی پٹھو جماعت نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ہیں، مقبوضہ ریاست میں وزیر بھی رہ چکے ہیں، سری نگر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستانی پرچم وادی میں لہرائے جانے پر بھارتی حکومت اتنی خائف کیوں ہے، پرچم لہرانے سے کیا فرق پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم ایک آزاد پاکستانی قوم کا پرچم ہے، بھارت کو اس کا احترام کرنا چاہئے۔ بھارت اور پاکستان دونوں نے اقوام متحدہ چارٹر پر دستخط کئے، دونوں کو ایک دوسرے کے پرچموں کی توقیر کرنی چاہئے۔ تاہم نیشنل کانفرنس کے سربراہ عمر عبداللہ نے اپنے چچا کے ریمارکس پر ناگواری ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مصطفیٰ کمال کے ذاتی خیالات ہیں، نیشنل کانفرنس کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ مصطفیٰ کمال کے خیالات ہمارے لئے شرمندگی کا باعث ہیں۔