پاکستان کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی پر تشویش ہے، میرے بیان نے ہمسایہ ملک کے مرچ لگا دی: بھارتی وزیردفاع کی درفنطنی

نئی دہلی(نیوزڈیسک+آئی این پی) بھارت کی جانب سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت اور زہریلا پروپیگنڈا جاری ہے‘ دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے دینے کا متنازعہ بیان دینے والے بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ بدھ کو یہاں اپنے امریکی ہم منصب ایشٹن کارٹر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت کو امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ مخصوص ہتھیاروں پر تبصرہ نہیں کریں گے تاہم ہمیں اس پر تحفظات ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان سے یہ بھی پوچھا گیا کہ امریکی وزیر دفاع کے سامنے کیا انہوں نے یہ معاملہ اٹھایا تاہم پاریکر نے اس کا کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منوہر پاریکرنے کہا دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے دینے کے ان کے بیان سے ہمسایہ ملک پاکستان کو خاصی تکلیف ہوئی ہے بلکہ انکے بیان نے پاکستان کو مرچیں لگا دی ہیں، نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے بڑبولے بھارتی وزیر نے کہا بڑھتی ہوئی آبادی بھارت کے لیے سنگین مسئلہ بن چکی ہے جس پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہو گی۔