الطاف کی شہریت منسوخ کرنیکی درخواست کرونگا: فیصل واڈا، برطانوی حکام سے ملاقات
لندن (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے سکاٹ لینڈ یارڈ حکام سے دو گھنٹے ملاقات کی جس کے بعد میٹروپولیٹن پولیس سٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ سکاٹ لینڈ یارڈ حکام کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی۔ الطاف حسین کے خلاف کارروائی ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ منی لانڈرنگ سے متعلق اور نفرت انگیز تقاریر سے متعلق اہم دستاویزات بھی حکام کے سپرد کیں۔ الطاف حسین کے خلاف 8فائلیں اور ڈی وی ڈیز سکاٹ لینڈ یارڈ حکام کو دیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ افسر ثبوت دیکھ کر حیران ہوئے۔ الطاف حسین کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ افسروں کا کہنا تھا کہ ایسے ثبوت کسی نے نہیں دئیے۔ پاکستان میں دیگر جرائم کے بارے میں بھی ثبوت دئیے۔ شواہد میں ایم کیو ایم کے بیانات شامل ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے بڑی تعداد میں رقم لندن بھیجی گئی۔ ایم کیو ایم نے پاکستان اور برطانیہ کی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ الطاف حسین کی برطانوی شہریت کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کروں گا۔ درخواست برطانوی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر کروں گا۔