ایران کا 22 ستمبر سے بڑے پیمانے پر فضائی دفاعی مشقیں کرنے کا اعلان

ایران کا 22 ستمبر سے بڑے پیمانے  پر فضائی دفاعی مشقیں کرنے کا اعلان

تہران (نوائے وقت نیوز) ایران نے 22 ستمبر سے بڑے پیمانے پر فضائی دفاعی مشقیں کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں ایرانی مسلح افواج اور اسلامی انقلابی گارڈز کے اہلکار حصہ لیں گے۔ ایران کے خاتم الانبیاءایئر ڈیفنس بیس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل فرزاد اسماعیلی نے کہا کہ یہ مشقیں فارسی کیلنڈر کے مطابق 22 ستمبر سے 21 اکتوبر تک جاری رہیں گی اور یہ پچھلے سال ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ٹیکٹیکل ایئرڈیفنس مشقوں کے بعد دوسری بڑی مشقیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مشقوں میں ایرانی مسلح افواج کے تمام دفاعی نظام، ایرانی فضائیہ اور انقلابی گارڈز کے ایئر ڈیفنس جٹ لڑاکا طیارے بھی حصہ لیں گے۔ ان مشقوں کی بڑی بات ہنگامی صورتحال پیدا کرکے اس دوران ایئر ڈیفنس کے شعبوں سے وابستہ اہلکاروں کی کارکردگی اور تیاری اور فوری جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائےگا۔