حلب میں شامی طیاروں کی بمباری خواتین اور بچوں سمیت 45افراد جاںبحق ،متعدد زخمی
حلب (آئی این پی) شام کے شہر حلب میں شامی طیاروں کی بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 45 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔اقوام متحدہ کے سفیر برائے انسانی حقوق اسٹیفن اوبرائن نے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ شام کے شہر حلب کا محاصرہ ختم کرایا جائے کیونکہ نہتے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے حلب کا محاصرہ ختم کرنا بے حد ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کسی بڑے انسانی بحران کے رونما ہونے سے پہلے مشرقی حلب میں جنگ بندی کرواتے ہوئے علاقے میں انسانی امداد پہنچائی جائے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام فریق اور عالمی طاقتیں حلب کا محاصرہ ختم کرنے کیلئے اقدامات کریں گی ۔ دریں اثنا مشرقی حلب سے اب تک 25 ہزار شہری نقل مکانی کر چکے ہیں ۔دوسری جانب شامی شہر حلب میں قتل عام کی کاروائیوں کو روکنے کے لیے 45ملکوں سے 223شہری تنظیموں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کو کوششیں صرف کرنے کی اپیل کی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے روس اور چین کی ویٹو کی دھمکی کی بنا پر شام کے معاملے میں قدم نہ اٹھانے پر شہری تنظیموں نے "نسل کشی اور جنگی جرائم"کا سدِ باب کرنے کے لیے تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔223شہری تنظیمو ں کے نام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل چھ سال سے جاری خانہ جنگی کو رکوانے میں ناکام رہی ہے۔ اب اس ادارے کو چاہیے کہ وہ ہنگامی اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس معاملے میں موثر اقدامات اٹھائے۔